ٹیکنالوجی

سام سنگ گلیکسی نوٹ 9 اگست میں متعارف کرائے جانے کا امکان

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) یقینا اسمارٹ موبائلز کے شوقین افراد کو جنوبی کورین کمپنی سام سنگ کے آنے والے نئے فون کا بے صبری سے انتظار ہوگا جس کے متعلق اطلاعات تھیں کہ اسے رواں برس مارچ تک متعارف کرایا جائے گا۔ اگرچہ سام سنگ نے آفیشلی آنے والے فون کا نام بھی نہیں بتایا، تاہم کمپنی سے وابستہ افراد کے مطابق اس کا نام ’ گلیکسی نوٹ نائن ہوگا جو دراصل گزشتہ برس متعارف کرائے گئے ماڈل ’ گلیکسی نوٹ 8‘ کا اپڈیٹ ورژن ہوگا۔ اس موبائل کے حوالے سے پہلے اطلاعات تھیں کہ اسے فروری 2018 میں اسپین میں ہونے
والے ورلڈ موبائل کانگریس میں متعارف کرایا جائے گا، تاہم اس میں بھی اسے متعارف نہ کرایا گیا۔ بعد ازاں اسے مارچ اور مئی میں متعارف کرائے جانے کی خبر سامنے آئی، لیکن اب معروف امریکی نشریاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اسے رواں برس اگست میں متعارف کرایا جائے گا۔ بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق کمپنی سے وابستہ افراد نے دعویٰ کیا کہ کمپنی ’ گلیکسی نوٹ نائن‘ کو 9 اگست کو متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس فون کے حوالے سے اب تک سامنے آنے والی معلومات کے مطابق یہ فون کوالکوم اسنیپ ڈراگون 845 اور سام سنگ کے اپنے ایکسینوس 9810 پراسیسر سے لیس ہوگا ، مختلف مارکیٹس میں مختلف پراسیسر والے فون دستیاب ہوں گے۔ اسی طرح نیا ایس پین بھی متعارف کرایا جاسکتا ہے جس میں مائیکروفون کو نصب کیے جانے کی افواہیں گرم ہیں جسے فون کالز کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔ اسی طرح نوٹ 9 میں نیا انٹرفیس ‘کراﺅن یو ایکس’ بھی پیش کیا جاسکتا ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ کمپنی نے اپنے اس فون کو جو کوڈ نیم دیا ہے وہ بھی کراﺅن ہے۔ گلیکسی نوٹ 9 میں سام سنگ کے ڈیجیٹل اسسٹنٹ بیکسبی کا بٹن موجود رہے گا تاہم اسے پہلے کے مقابلے میں اپ ڈیٹ کرکے پیش کیا جائے گا۔ اور ہاں نوٹ 9 میں ڈسپلے کے اندر فنگرپرنٹ ریڈر کی موجودگی کی غیرمصدقہ اطلاعات بھی ہیں جو سام سنگ کا اس ٹیکنالوجی کے ساتھ پہلا فون ہوگا تاہم اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ کمپنی اس ٹیکنالوجی کو ڈیوائس میں شامل کرنے میں کس حد تک کامیاب ہوتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

one × four =

Back to top button